لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک نے گزشتہ سال صرف ایک ہفتے کے دوران ٹیکس دہندگان کی پانچ لاکھ یورو (تقریباً ساڑھے 15 کروڑ روپے) سے زیادہ رقم نجی طیاروں پر خرچ کی۔ دی گارڈین کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے مصر میں کوپ 27 سربراہی اجلاس میں رشی سنک کی شرکت کے لیے نجی جیٹ پر ایک لاکھ 8 ہزار یورو خرچ کیے۔ ایک ہفتہ بعد وہ بالی انڈونیشیا میں تین لاکھ 40 ہزار یورو خرچ کرکے جی 20 سربراہی اجلاس کیلئے راؤنڈ ٹرپ پر روانہ ہوئے۔ دی گارڈین کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رشی سنک کے دسمبر میں لٹویا اور ایسٹونیا کے سفر پر 62 ہزار 498 یورو کے سفری اخراجات آئے، جن میں ڈھائی ہزار یورو کے ذاتی اخراجات تھے۔