اسلا م آبا د ( خصوصی رپورٹ ) بلوچستان اور سندھ میں سیلاب متاثرین شدید غذائی قلت کا شکار ہو گئے،اقوام متحدہ نے اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئےغذائی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا اور اضافی فنڈز بھی مختص کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے گزشتہ برس تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونیوالی بلوچستان اور سندھ کی سب سے کمزور کمیونٹیز کو ہنگامی غذا اور خوراک کی فراہمی کیلئے 55 لاکھ ڈا لر زوقف کرنے کا اعلان کیا ہے.گزشتہ ماہ یونیسیف نے خبردار کیا تھا بچوں سمیت1 کروڑ سے زائد سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی تک رسائی نہیں،اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں خبردار کیا گیا ہے کہ سیلاب سے قبل کے مقابلے میں سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے، سیلاب متاثرہ 15 اضلاع میں کئے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 6 سے 23 ماہ کی عمر کے تقریباً ایک تہائی بچے درمیانے درجے اور 14 فیصد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں،جبکہ سیلاب کے بعد سے طبی پیچیدگیوں کیساتھ ساتھ شدید غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے جن کو علاج کیلئے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا تھا جس کی اہم وجہ عالمی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔